nداسو 765 کے وی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے لیے پہلا ٹاورنصب

ذ*یہ اہم توانائی انفراسٹرکچر منصوبے کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہے

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:50

R اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) پاور چائنا نے داسو 765 کے وی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے تحت لاٹ ون (Lot-1) میں پہلا ٹاور نصب کر دیا ہے، یہ پاکستان کے ایک اہم توانائی انفراسٹرکچر منصوبے پر مکمل تعمیراتی کام کے آغاز کی علامت ہے۔ گوادرپرو کے مطابق یہ ٹرانسمیشن لائن داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی منتقل کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے، جو اسلام آباد اور اردگرد کے علاقوں کو صاف توانائی فراہم کرے گی۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ پاکستان کے سب سے بڑے ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن نیٹ ورک کا حصہ بن جائے گا، جس کا مقصد قومی گرڈ کو مضبوط بنانا اور مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ گوادرپرو کے مطابق پروجیکٹ ٹیم کے مطابق تعمیراتی کام کو دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور قدرتی چیلنجز کاسامنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی اختیار کی گئی ہے، جس میں مقامی افرادی قوت کو شامل کر کے چینی ماہرین کی تکنیکی معاونت حاصل کی گئی ہے۔

چینی ماہرین تعمیراتی عمل کی ویڈیو نگرانی کر کے معیار اور حفاظتی ضوابط کو یقینی بنا رہے ہیں۔ گوادرپرو کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پہلا ٹاور نصب ہونا منصوبے میں اہم پیش رفت ہے، جو آئندہ مراحل میں بروقت تکمیل کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ منصوبہ ملک میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا