پاکستان کی بقا اور ترقی اتحاد، قربانی اور وطن سے محبت میں ہے،رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اور ترقی اتحاد، قربانی اور وطن سے محبت میں ہے، ہماری نوجوان نسل کو چاہیے کہ تعلیم حاصل کرے اور اپنے کردار و عمل سے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 باغ سرداراں میں جشنِ ولادت حضرت محمد ﷺ اور یومِ دفاع 6 ستمبر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان ، سی ای او ایجوکیشن سمیت اساتذہ، طالبات اور معززینِ شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔

(جاری ہے)

طالبات نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے بھرپور داد وصول کی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ جشنِ ولادت کے موقع پر ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے کا عہد کرنا چاہیے کیونکہ آپ ﷺ کی تعلیمات دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے امن، محبت، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا جو درس دیا وہی ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کی کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نثار کیں۔سی ای او ایجوکیشن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو بھی اپنی زندگی میں شامل کریں تاکہ ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔