ایٹمی ایجنسی کے ساتھ تعاون کی نئی شکل کے حوالے سے مذاکرات ہوں گے، ایران

ہفتہ 6 ستمبر 2025 10:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ فریقین کے درمیان تعاون کی نئی شکل کا تعین کرنے کے لیے ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اہلکاروں کے ساتھ مذاکرات کا ایک نیا دور منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایران کے مستقل نمائندے رضا نجفی نے کہا کہ ایرانی وفد اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اہلکاروں کے درمیان مذاکرات کا ایک نیا دور منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

سرکاری ایجنسی "ارنا" کے مطابق رضا نجفی نے ایک پریس بیان میں وضاحت کی کہ یہ مذاکرات ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان پچھلے مشوروں کی تکمیل میں ہیں جس کا مقصد ایرانی پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کردہ قانون کے تحت تعاون کے لیے ایک فریم ورک کا تعین کرنا ہے جس میں عارضی طور پر تعاون کو روکنا شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مذاکرات، جو ماہرین کی سطح پر ہوں گے، ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کی نئی شکل کا تعین کریں گے۔