اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی میں اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی نے چین کی سرپرستی میں اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون کی قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ۔ ایس سی او کے تمام رکن ممالک سمیت تقریباً 40 ممالک نے قرارداد کی مشترکہ سرپرستی کی۔چینی میڈیا کے مطابق قرارداد میں علاقائی امن و ترقی، باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تعمیری کردار کی تعریف کی گئی۔

اقوام متحدہ کے نصب العین کی حمایت کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی کوششوں کا مثبت جائزہ لیا گیا اور اقوام متحدہ کے نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کے درمیان بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے کی حمایت بھی کی گئی۔ جنرل اسمبلی میں قرارداد کا مسودہ پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چینی مستقل مشن کے ناظم الامور سفیر گینگ شوانگ نے کہا کہ ایس سی او اپنے قیام کے 24 سال میں شنگھائی سپرٹ کی رہنمائی میں مسلسل ترقی کر رہی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیم بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر شی جن پنگ کی جناب سے تیانجن میں ہونے والی ایس سی او کانفرنس میں پیش کیے جانے والے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کا تمام فریقوں کی طرف سے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا گیا اور فعال ردعمل کا اظہار کیا گیا۔سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آج دنیا کو زیادہ موثر گورننس کے تصورات اور نظام کی فوری ضرورت ہے اور چین نے درست وقت پر گلوبل گورننس انیشی ایٹو پیش کیے ہیں ۔ پاکستان ، روس، کرغزستان، بیلاروس، ایران، کمبوڈیا، کیوبا، وینزویلا، سربیا سمیت دیگر ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرنے سے بین الاقوامی برادری کا ایس سی او کو تسلیم کرنے اور حمایت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔