Live Updates

ستارہ ورکرزاینڈ سٹاف یونین فیصل آبادکی جانب سے جشن میلاد النبی ؐکی تقریب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ستارہ ورکرزاینڈ سٹاف یونین کی جانب سے جھنگ روڈ پر جشن میلاد النبیؐ کی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں ڈائریکٹر لیبر ویسٹ غلام شبیر کلیار،چیئرمین پاکستان لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری،اسلم معراج،میاں عبدالقادر،میاں رمضان،میاں عبدالجبار،شاہدصدیق،اسدعمران،رانا ریاض،شیخ نثار محمد ارش،محمد طارق، فیضی بندیشہ،نادر مان،حافظ عمیر،پروین لطیف انصاری،آمنہ رزاق کے علاوہ فیکٹری کے سینکڑوں مردو خواتین سٹافرز نے شرکت کی۔

تقریب میں تلاوت قرآن مجید اور نعت کے بعد مقررین نے حضور کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔مقررین نے عالم اسلام کو جشن آمد رسول کی مبارک دی اور کہا کہ موجودہ دور کے حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ کلمہ کے نام پر قائم ہونے والے اس ملک سے پوری دنیا کو ایک پیغام جائے کہ ہم ایک اللہ کے ماننے والے اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکار ہیں، محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالی نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا اور اسلام کا مفہوم ہی سلامتی ہے۔

(جاری ہے)

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ایک نہایت احسن اقدام ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں رہنے کا جو طریقہ ہمیں بتایا ہے اس سے نفرتوں سے پاک باہمی اتحاد،بھائی چارے،یگانگت،رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مشتمل معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو رہنما اصول ہمیں دیئے ہیں ان پر عمل پیرا ہونے سے ہماری دنیا و آخرت کی بھلائی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ حسنہ سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں اور ان پر عمل کی طرف نوجوان نسل کو راغب کریں تاکہ وہ ایک عملی مسلمان کے طور پر دنیا میں ایک مسلم سفیر بن کر جا سکیں۔آخر میں جشن کے حوالے سے کیک کاٹتے ہوئے سیلاب متاثرین و ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات