گلگت بلتستان میں یومِ دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یومِ دفاع پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت گلگت میں پاک فوج کے زیر اہتمام صبح سویرے اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جس سے فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اس دن کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری و نجی سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ریلیاں، جلسے جلوس، سیمینارز اور پرچم کشائی کی تقاریب شامل تھیں۔اسی دن کی مناسبت سے سرسید ہائی سکول نمبر 1 گلگت میں بھی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

سکردو، چلاس، ہنزہ، نگر، استور، غذر اور دیگر اضلاع میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات ہوئیں، جہاں عوام نے ریلیوں میں شرکت کی، قومی پرچم لہرائے اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ بچے اور نوجوان ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم لیے "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگاتے رہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے دیگر مقامات ہر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن اس عزم کی تجدید ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہر دور میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کا دفاع کیا ہے اور یہ قربانیاں تاریخ کے سنہری باب ہیں۔