یومِ دفاع اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے وطن کے دفاع اور استحکام کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،حاجی علی مددجتک

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و صوبائی اسمبلی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے، جب پاک افواج اور قوم نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور وطنِ عزیز کے دفاع میں شجاعت و قربانی کی نئی مثالیں قائم کیں۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ پوری قوم کو انکی عظیم قربانیوں پر فخر ہے اور یومِ دفاع اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے وطن کے دفاع اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے افواجِ پاکستان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں شہداء کے ورثاء اور غازیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ان کے لیے دعا کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، ایثار اور قربانی کے جذبے کو فروغ دے کر پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔