اسلام امن اور محبت کا دین ہے،حضور پاک ؐ کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہیں،سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام امن ،محبت اور بھائی چارے کا دین ہے،حضور پاک ؐکی تعلیمات پوری انسانیت کےلئے مشعلِ راہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں رکن صوبائی اسمبلی رانا اقبال سراج کی جانب سے میلادالنبی ؐ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ،سینیٹر رانا محمودالحسن ،سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں،رانا شاہدالحسن ،نعیم خان ،راو مستقیم سمیت ملک بھر سے معروف نعت خواں حضرات،سیاسی و سماجی شخصیات،عمائدین شہر اور لوگوں کی بڑی تعداد اس پر وقار تقریب میں شریک تھی۔یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ اپنائے بغیر کسی بھی میدان میں کامیابی ممکن نہیں،ہمارے پیغمبر نے تمام انسانیت کو شفقت اور محبت کا درس دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے پوری دنیا میں انہیں تعلیمات کا پرچار کرنا ہے تاکہ اسلام کا پرچم اقوام عالم میں مزید بلند ہو ۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐامت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔اسی تصور کی بنیاد پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قرارداد منظور کی گئی تھی کہ اس بابرکت دن کو سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منایا جائے۔آج پوری قوم اور امت مسلمہ عقیدت و احترام سے اپنے آقا ﷺ کی ولادت کا جشن منا رہی ہے اور اسی جذبے سے ہم یہ خوشی مناتے رہیں گے۔