خضدار یوم دفاع پاکستان اور جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریزیڈیشنل پبلک اسکول وڈھ میں شاندار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یوم دفاع پاکستان اور جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر حاجی نیک محمد مینگل ریزیڈیشنل پبلک اسکول وڈھ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پرنسپل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اُن شہداءکی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا جائے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور عدل و انصاف کا درس دیتی ہیں، اور انہی پر عمل کرکے ہم معاشرے کو بہتر اور متحد بنا سکتے ہیں۔تقریب سے دیگر اساتذہ کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن دن ہے جو ہمیں قربانی اور اتحاد کا سبق دیتا ہے۔