6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن دن ہے ، یوم دفاع ہمیں قربانی اور اتحاد کا سبق دیتا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یوم دفاع پاکستان اور جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول تربت میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ مقبول انور رند تھے جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ مقبول انور رند نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اُن شہداءکی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جشن عید میلادالنبیؐ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حضور اکرمؐ کی سیرت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا جائے۔

نبی کریمؐ کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور عدل و انصاف کا درس دیتی ہیں اور انہی پر عمل کرکے ہم معاشرے کو بہتر اور متحد بنا سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن دن ہے جو ہمیں قربانی اور اتحاد کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں، اور طلباءکو چاہیے کہ وہ محنت اور لگن سے اپنی تعلیم مکمل کریں تاکہ مستقبل میں ملک کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرسکیں۔

انہوں نے جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے کہا کہ نبی کریمؐ کی زندگی ہر شعبہ حیات کے لیے بہترین نمونہ ہے، اور اگر ہم آپؐ کی تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب میں طلباءنے بھی ولولہ انگیز تقاریر کیں۔ بچوں نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی پیش کرنا ایمان کا حصہ ہے۔ اسی طرح انہوں نے عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے کہا کہ رسول اکرم ؐ کی سیرت انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہم ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کیے گئے۔