Live Updates

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مجھے اپنے عظیم شہدا کے فخر سے سربلند خاندانوں سے خطاب کا شرف میرے لئے بڑا اعزاز ہے،ڈاکٹرعشرت العباد خان

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج یکجاں، چوکس، اور مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،تقریب سے خطاب

اتوار 7 ستمبر 2025 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)سابق گورنر سندھ وروح رواں ایم پی پی ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اسلام آباد میں میری پہچان پاکستان کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مجھے اپنے عظیم شہدا کے فخر سے سربلند خاندانوں سے ویڈیو لنک کے زریعے خطاب کا شرف میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔

انکی لازوال قربانیوں ہماری آزادی اور استقامت کی وہ زندہ بنیاد ہیں جن پر پاکستان کی بقا اور سربلندی قائم ہے۔ یوم دفاع ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ 1965میں ہماری مسلح افواج اور عوام نے ایک آہنی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ کر یہ ثابت کردیا تھا کہ پاکستان کو کوئی زیر نہیں کرسکتا۔ آج بھی جب بھارت سرحدوں پر اشتعال انگیزی کی کوشش کرتا ہے تو پیغام بالکل واضع ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج یکجاں، چوکس، اور مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اشتعال انگیزی دراصل اس حقیقت کو مذید اجاگر کرتی ہے کہ پوری قوم اپنے سپاہیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ایک قوم،ایک عزم ایک پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت جبکہ تباہ کن سیلاب ہماری ہمت کو آزما رہا ہے ہماری بہادر افواج امدادی اور ریسکیو کاروائیوں کی اولین صف میں ہیں اور سب سے دور دراز دیہات تک پہنچ رہی ہیں۔رضا کار، سول سوسائٹی، اور عام شہری بھی ان کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔

وہی یکجہتی دکھاتے ہوئے جو 1965کی اصل پہچان تھی۔ یہی پاکستان کی روح ہے، ایمان، قربانی اور سرحدوں کے دفاع اور عوام کی خدمت میں اٹل اتحاد، ہم اپنے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اپنے متاثرہ سیلاب زدہ بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔مسلح افواج کی قیادت میں عہد دہراتے ہیں۔ پاکستان باقی رہے گا دفاع کرے گا اور سربلند رہے گا۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، انہوں نے شہدائے افواج پاکستان کو سلام عقیدت اور 1965کے جاں نثاروں کو خصوصی سلام عقیدت و سلام تحسین پیش کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات