انجمن تاجران کانیلا گنبد میں زیر زمین پارکنگ پلازہ منصوبے پر کام کے آغاز کا خیر مقدم

اتوار 7 ستمبر 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے نیلا گنبد میں زیر زمین پارکنگ پلازہ منصوبے پر باقاعدہ کام کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام ملحقہ مارکیٹوں کے تاجروں کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کریں گے تاکہ منصوبہ تکمیل کے بعد سو فیصد کامیابی سے ہمکنار ہو سکے ۔

(جاری ہے)

شہزاد اشرف بھٹی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ حکومت یہاں پر سٹیٹ آف دی آرٹ3منزلہ زیر زمین پارکنگ پلازہ تعمیر کرے گی جبکہ نیلا گنبد کی بحالی ،پارکنگ پلازہ کے اپرایریا کی بحالی پر الگ سے فنڈز خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے انار کلی سمیت ملحقہ بازاروں اور مارکیٹوں میں پارکنگ کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی جس کے تاجروں کے کاروبار پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیرا فورس کی تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کی بھی حمایت کرتے ہیں لیکن ہم یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ جن لوگوں کے پاس روزگار کمانے کے لئے مناسب جگہ نہیں ہے ان کی مدد کی جائے اور انہیں مناسب جگہ فراہم کی جائے۔