Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب کے گجرات کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اٹھائے گئے ہنگامی اقدامات کو سراہتے ہیں‘چوہدری شافع

مریم نواز کے حکم پر اٹھائے گئے اقدامات سے گجرات کے سیلاب متاثرین کی مشکلات کم ہوں گی‘صوبائی وزیر صنعت و تجارت

اتوار 7 ستمبر 2025 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جو ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں ان سے گجرات کے سیلاب متاثرہ لوگوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر پنجاب کے 5 بڑے شہروں کی واسا کی مشینری گجرات پہنچا دی گئی ہے جبکہ 5 صوبائی سیکرٹری بھی گجرات میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر گجرات میں سیلابی پانی کے نکاس کے ہنگامی ایکشن پر 24 گھنٹے کام جاری ہے اور میں مسلسل نکاسی آب کے آپریشن کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کیلئے 21 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کے تحت بلا تاخیر نکاسی آب کا جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر نکاسی آب کے 26 اور پینے کے پانی کی فراہمی کے 24 مزید پمپس بھی گجرات پہنچ چکے ہیں اور شہر سے نکاسی آب اور شہریوں کی مدد کیلئے 83 ٹیکنیکل مہارت رکھتے والے عملے کی ہنگامی بنیادوں پر تعیناتی کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گجرات میں سیلاب سے گھرے لوگوں کی مدد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ان ہنگامی اقدامات کو سراہتے ہیں اور ان کے ممنون ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات