اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وینز وفاقی دارلحکومت میں اہم مقامات پر خدمات کیلئے تیار

اتوار 7 ستمبر 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے سہولت وینوں کا ہفتہ وار شیڈول جاری کیا ہے جو صبح 08:30 سے ​​شام 4:30 بجے تک چلیں گی جو روزانہ شہریوں کی دہلیز پر لائسنس اور پولیس سے متعلقہ خدمات فراہم کر یں گی۔ آئی ٹی پی کے حکام نے کہا ہے کہ یہ وینز ڈرائیونگ سیکھنے کے کے اجازت نامے، تجدید اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس، رجسٹرڈ ایف آئی آر کی کاپیاں، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ دار اور گھریلو ملازم کی رجسٹریشن، غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، شکایت کے انتظام کے نظام اور پولیس کی تصدیق سمیت دیگر خدمات پیش کریں گی۔

شیڈول کے مطابق ایک سہولت وین (GAG-709) سوموار کو بلیو ایریا میں سیور فوڈ کے قریب، منگل کو جے ایس بینک کے قریب I-8 مرکز، بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ، جمعرات کو B-17 ملٹی گارڈن آفس، جمعہ کو بحریہ فیز II کلاک چوک اور ہفتہ کو ڈی ایچ اے فیز-V میں کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

اس دوران دوسری وین (GAC-656) پیر کو نیول کمپلیکس E-8، منگل کو بنی گالہ، بدھ کو کلمہ چوک غوری ٹاؤن، جمعرات کو گلزارِ مدینہ روات، جمعہ کو عسکری بینک کے قریب G-11 مرکز اور ہفتہ کو گولڑہ دربار کے قریب دستیاب ہوگی۔اہلکار نے شہریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان موبائل سروسز سے مکمل طور پر مستفید ہوں، جن کا مقصد سفر کے وقت کو کم کرنا اور وفاقی دارالحکومت میں عوامی سہولت کا فروغ ہے۔