ملک میں بڑھتی ہوئی ناانصافی اور انسانی حقوق کی پامالی تشویشناک ہے، میاں محمد مقصود

ریاستی اداروں کو آئین و قانون کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے چیئرمین کا بیان

اتوار 7 ستمبر 2025 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء) الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے چیئرمین میاں محمد مقصود نے کہا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، غریب طبقے پر بڑھتا ہوا ظلم اور اداروں کی بے حسی ایک افسوسناک اور خطرناک رجحان بنتا جا رہا ہے۔ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال قومی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو برابر کے حقوق، تحفظ اور عزت کی ضمانت دیتا ہے، مگر عملی طور پر کمزور طبقہ مسلسل استحصال کا شکار ہے۔ کہیں خواتین کو انصاف نہیں ملتا، کہیں اقلیتیں محرومیوں کا شکار ہیں، تو کہیں مزدور اور کسان دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔میاں محمد مقصود نے مزید کہاکہ الفاء فاؤنڈیشن نہ صرف مظلوموں کی آواز بلند کر رہی ہے بلکہ ملک گیر سطح پر قانونی و فلاحی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاست تمام اداروں کو آئین کے مطابق جواب دہ بنائے اور انسانی وقار کی پامالی کو ہر سطح پر روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق صرف بین الاقوامی قراردادوں یا دستاویزات کا نام نہیں بلکہ ایک زندہ اور بیدار معاشرے کی بنیادی شناخت ہیں۔ جہاں انصاف صرف طاقتور کے لیے ہو اور قانون صرف کمزور پر لاگو ہو، وہاں امن، ترقی اور خوشحالی صرف خواب بن کر رہ جاتی ہے۔

میاں محمد مقصود نے حکومت، عدلیہ، سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے، جہاں کہیں بھی ناانصافی، ظلم یا زیادتی دیکھیں، آواز بلند کریں۔ الفاء فاؤنڈیشن ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی۔