Live Updates

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز 17 نومبر سے راولپنڈی ولاہور میں کھیلی جائے گی، ترجمان

اتوار 7 ستمبر 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز 17 نومبر سے راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جو 29 نومبر تک جاری رہے گی ،ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی،پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی کرے گا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق سہ ملکی ایونٹ کا آغاز 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہوگا جو افغانستان کا پاکستان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا، اس سے قبل افغان ٹیم پاکستان میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہے، جن میں آخری میچ رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق19 نومبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ باقی پانچ میچز بشمول 29 نومبر کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اس سیریز کا مقصد تینوں ٹیموں کو آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سے قبل پاکستان 12 اکتوبر سے 8 نومبر تک جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گاجس میں دو ٹیسٹ میچز ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی شامل ہوں گے۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ پاکستان کی پہلی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز شائقین کے لیے دلچسپ کرکٹ پیش اور کھلاڑیوں کو عالمی کپ سے قبل تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے رواں سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی کامیاب میزبانی کرکے اپنی صلاحیت اور تیاری کا ثبوت دیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات