Live Updates

اختیار ولی خان اور خواجہ سعد رفیق کا باجوڑ کا دورہ،وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کے معاون خصوصی اختیار ولی خان کے ہمراہ باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مالی امداد کے طور پر سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہاب الدین خان، وزیر مملکت مبارک زیب، ڈویژنل یوتھ رہنما وحیدالدین، سینیٹر عبدالرشید، خیبر پختونخوا کے معروف سیاسی رہنما انعام اللہ خان اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ سیلاب متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک کوششیں جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوراً مالاکنڈ ڈویژن کے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ کیا اور تمام متعلقہ اداروں کو امدادی اور بحالی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن خیبر پختونخوا میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف خیبر پختونخوا اور پنجاب کے صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر یہاں سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ امدادی چیک وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو ان کی مالی مشکلات کو کم کرنے کےلیے ایک علامتی امداد ہے۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے اور گھروں کی بحالی اور تعمیر ایک بڑا چیلنج ہے تاہم قومی اتحاد کے ذریعے اس چیلنج سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیلاب پر سیاست کرنے کا نہیں ہے، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر سیلاب متاثرین نے بروقت تعاون اور امداد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعد رفیق اور اختیار ولی خان کا شکریہ ادا کیا.
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات