درگاہ حضرت بل میں اشوک چکر والی تختی کی تنصیب عقیدتمندوں کے جذبات سے کھلواڑ ہے، آغا سید حسن

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورانجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے درگاہ حضرت بل میں اشوک چکر والی تختی کی تنصیب کو عقیدتمندوں کے جذبات سے کھلواڑ قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ لوگوں کے ایمان کے ساتھ کھلی چھیڑ چھاڑ اور وادی میں بے چینی پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی روایات سے واقف ہر شخص اچھی طرح جانتا ہے کہ کسی بھی مسجد یا درگاہ میں تصویر کی کوئی گنجائش نہیں ۔ حضرت بل جموں و کشمیر کا سب سے مقدس مقام ہے اور وہاں پر اس طرح کے دانستہ اقدامات جن سے لاکھوں عقیدتمندوں کے جذبات مجروح ہوں، دراصل وقف بورڈ اور اس کے ذمہ داران کی مکمل ناکامی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت بل درگاہ سے اہل ایمان کا جذباتی و روحانی رشتہ براہِ راست نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی نسبت سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے قابض حکام کو خبردارکیا کہ وہ مسلمانانِ کشمیر کے صبر و تحمل کا امتحان لینے سے باز رہیں اور عقیدتمندوں کے جذبات کا احترام کریں۔