Live Updates

متاثرین کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

اتوار 7 ستمبر 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چند روز قبل طوفان اور شدید بارشوں کے باعث کافی حادثات رونما ہوئے جو کہ کافی افسوسناک ہیں، وزیر اعظم محمدشہبازشریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے متاثرین کےلیے امدادی رقوم فراہم کیں، صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کام شروع ہے ،وفاقی حکومت بھی متحرک ہے ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم ہو تاکہ انکی بحالی میں کسی قسم کی کمی کوتاہی نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کمشنر دفتر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی سردار فتح اللہ خان میاں خیل، کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر السلام خٹک، جمعیت علمائے اسلام کے نمائندہ کفیل احمد نظامی، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ریحان ملک ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم سب ڈیرہ اسماعیل خان کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر متحد ہوکر کام کریں گے، سیلاب میں جہاں بحق افراد کے لواحقین کا غم مشترکہ ہے ہم انہیں واپس نہیں پاسکتے مگر امدادی رقوم سے اہل خانہ کی کچھ مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا بھی شکر گزار ہوں جو آج یہاں موجود ہیں۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا کے بہت سے اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور بہت سے المناک حادثات میں اموات ہوئی ہیں ، اس کے علاوہ لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں ،کاروبار اور انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ بہت سے افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں لہذا حکومت کی کوشش رہی کہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بحالی کو جلد ممکن بنایا جائے۔

اس سلسلے میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے مشکور ہیں کہ بحالی میں تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔ کالاباغ ڈیم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیم بننے چاہیں کیونکہ یہ وقت کی ضرورت ہیں اور اس حوالے سے تحفظات ہیں تو متعلقہ فورم بنے ہیں وہاں رجوع کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح مختلف کینالز بھی بنائی گئی ہیں، صوبے میں چار چھوٹے ڈیم بھی بن جائیں تو زراعت کے شعبے میں سبز انقلاب آئے گا اور انرجی پروڈکشن میں بھی اضافہ ہو گا۔پہاڑ پور ضلع سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اضلاع بننے چاہیے مگر اسی سطح پر وسائل بھی فراہم ہونے چاہیے تاکہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات