Live Updates

کوہاٹ کے نوجوان کا سکردو تا کوہاٹ 800 کلو میٹر الٹرا میراتھن 12 روز میں مکمل کرنے پر کوہاٹ میں شاندار استقبال

اتوار 7 ستمبر 2025 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹ اورنگزیب خان نے اپنے ساتھی محمد سلمان کے ہمراہ سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے گلگت بلتستان کے اسکردو سے کوہاٹ تک 800 کلو میٹر طویل الٹرا میراتھن صرف 12 روز میں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔اس غیر معمولی سفر کے دوران انہیں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور دشوار گزار راستوں کا سامنا رہا، تاہم انہوں نے عزم و استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھی اور کامیابی کے ساتھ کوہاٹ پہنچے۔

12 ربیع الاول کے مبارک دن اور یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ان کے اعزاز میں کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس میں ان کے اعزاز میںایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ریجنل اسپورٹس آفیسر انور کمال برکی، ڈی ایف اے کوہاٹ کے صدر ضیاء عالم، کھلاڑیوں، سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء نے دونوں کھلاڑیوں کو قومی ہیروز قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اورنگزیب خان اور ان کے ساتھی نے جس حوصلے اور عزم کے ساتھ یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے ایک روشن مثال ہے۔

حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سفر کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سیلاب زدگان سے عملی یکجہتی کا بھی مظہر ہے۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 800کلو میٹر الٹرا میراتھن صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک عزم، جدوجہد اور خدمتِ خلق کا پیغام ہے۔ اورنگزیب خان نے یہ ثابت کر دیا کہ ہمارے نوجوان کسی بھی مشکل مرحلے کو سر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

عوام اور کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اورنگزیب اور محمد سلمان کا یہ کارنامہ کھیلوں کے میدان میں ایک سنگِ میل ہے جو مقامی اور قومی سطح پر نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔قبل ازیں، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ، ریجنل اسپورٹس آفیسر کوہاٹ اور صدر ڈی ایف اے کوہاٹ نے دونوں کھلاڑیوں کیلئے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات