Live Updates

کمشنر ملاکنڈ کی زیر صدارت اجلاس ،متاثرین کو معاوضہ ادائیگی، دریائے سوات سمیت آبی گزرگاہوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے سمیت مختلف امور پر گفتگو

اتوار 7 ستمبر 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ سوات کے آفیسران کیساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز(جنرل)وفنانس) سوات کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی سوات میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کو صوبائی حکومت کیطرف سے معاوضہ کی ادائیگی، صوبائی حکومت کی احکامات کی روشنی میں دریائے سوات اور مینگورہ جامبیل و مینگورہ، مرغزار خوڑ میں آبی گزرگاہوں پر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے، دریائے سوات میں غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، اشیا خورد نوش کی قیمتوں کے تعین اور دیگر درپیش مسائل کے بارے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع سوات میں حالیہ سیلاب سے 20 افراد جابحق، 8 زخمیوں، 52 مکمل تباہ شدہ مکانات، 465 عارضی تباہ شدہ مکانات اور 6 دکانوں کو معاوضہ فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ سیلاب کی وجہ سے 1967 دکانوں کا سروے جاری ہے جس کو جلد مکمل کیا جائیگا، ساتھ ہی ساتھ تمام متاثرہ گھرانوں کو صوبائی حکومت کیطرف سے 15000 روپے فی خاندان بھی مہیا کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات نے مذید بتایا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں پورے ضلع سوات میں غیر قانونی تجاوزات کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور جلد ہی ان کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حالیہ سیلاب سے دکانوں کو ہونے والے نقصانات کا سروے جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت کی تاکہ انکے مالکان کو صوبائی حکومت کیطرف سے معاوضہ کی فراہمی شروع کی جائے۔

کمشنر ملاکنڈ کا مذید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں تمام تحصیلوں میں آبی گزرگاہوں پر غیر قانونی تجاوازت کے خلاف ایک میگا آپریشن شروع کیا جائے اور جاری تعمیراتی کاموں کو بھی فلفور روکا جائے تاکہ مستقبل میں حالیہ سیلاب جیسی تباہ کاریوں پر قابو پایا جاسکے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے دریائے سوات میں غیر قانونی کان کنی اور ریت و بجری نکالنے کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

کمشنر ملاکنڈ نے آٹے و گندم اور دیگر اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے تحصیل میں آج ہی سے بازاروں و دکانوں کا معائینہ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے کی ہدایت کی تاکہ عام آدمی کو ریلیف مہیا کیا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کی ہدایت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :