بلوچستان عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،جمیل احمد باجوئی

اتوار 7 ستمبر 2025 20:25

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے رہنماؤں نے خضدار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں جاری انتقامی کارروائیوں، جمہوری اداروں میں مداخلت، اور سیاسی قیدیوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ پریس کانفرنس میں بی این پی (عوامی) کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر جمیل احمد باجوئی، ضلعی آرگنائزر چیف یاسر بلوچ، میر محمد اکبر لانگو، قاضی سعید احمد، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس میں بی این پی (عوامی) کے مرکزی صدر راجی راہشون واجہ میر اسد اللہ بلوچ کے خلاف جاری مبینہ انتقامی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ 9 جولائی کو واجہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چادر و چاردیواری کی حرمت پامال کی گئی، اور انہیں چار گھنٹے تک سی ٹی ڈی سینٹر میں ذہنی اذیت دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسے ایک سینئر قومی رہنما کے خلاف دو سال سے جاری انتقامی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا۔بی این پی عوامی نے الزام عائد کیا کہ واجہ میر اسد اللہ بلوچ کے حلقے کے فنڈز روک کر پورے ضلع کو مفلوج کردیا گیا ہے، جو عوامی رائے کی توہین ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں صوبے میں بے یقینی اور احساس محرومی کو جنم دے رہی ہیں، جو ملک اور صوبے کے لیئے نیک شگون نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ راجی راہشون کے خلاف من پسند ایف آئی آر کو فوری طور پر واپس لیا جائے، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :