۹پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں خواتین کی جوق در جوق شمولیت قومی بیداری اور جدوجہد کی نئی نوید ہے،صاحبہ بڑیچ

اتوار 7 ستمبر 2025 20:50

۳کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مرکزی سیکرٹری برائے خواتین، صاحبہ جان بڑیچ نے کہا ہے کہ پارٹی میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور ان کا متحرک کردار قومی بیداری اور ایک خوش آئند مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک نظریاتی و انقلابی جماعت ہے جو نہ صرف قومی اور سیاسی حقوق و اختیاراتِ کی حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے بلکہ معاشرتی انصاف اور صنفی برابری کو بھی اپنی سیاست کا بنیادی ستون قرار دیتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صاحبہ بڑیچ ، عارفہ اسد ترین اور دیگر نے بلیلی کے علاقائی ہونٹ میں خواتین کے ابتدائی یونٹ کے قیام اور تنظیمی ایگزیکٹو کے انتخاب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین کارکنان نے شرکت کی اور اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی تحریک میں بھرپور انداز سے اپنا کردار ادا کریں گی۔صاحبہ بڑیچ نے کہا کہ "جب ہماری بہادر بیٹیاں قومی جدوجہد میں قدم رکھتی ہیں تو وہ صرف اپنے حقوق کی بازیابی کے لیے نہیں لڑتیں بلکہ پوری قوم کی آزادی اور ترقی کی ضامن بھی بن جاتی ہیں۔

" انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت پشتون قومی تحریک کو نئی توانائی اور نئی جہت فراہم کر رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے ملی شہید عثمان کاکڑ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور قربانیاں پشتون قوم اور خصوصا خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ "ملی شہید عثمان کاکڑ نے جس راستے کا انتخاب کیا، وہی راستہ ہمیں غلامی، جبر اور استحصالی نظام سے نجات دلا سکتا ہے۔

آج ہماری خواتین کا فرض ہے کہ وہ اپنے حصے کا چراغ جلائیں اور تحریک کو مزید آگے بڑھائیں۔"تقریب میں خواتین کا باقاعدہ "یونٹ" تشکیل دیا گیا، جس میں یونٹ سیکرٹری، سینئر معاون اور دیگر معاونین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو قومی و سیاسی سرگرمیوں میں زیادہ فعال بنانا اور انہیں منظم انداز میں پشتون قومی تحریک کی صفوں میں شامل کرنا ہے۔آخر میں صاحبہ بڑیچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی خواتین کو قومی شعور، تنظیمی تربیت اور سیاسی بصیرت سے آراستہ کر کے انہیں ایک آزاد، خودمختار اور باوقار پشتون معاشرے کے قیام کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :