Live Updates

فضل حکیم خان کا مینگورہ میں سیلاب سے متاثرہ پرنٹنگ پریس مارکیٹوں کا دورہ

متاثرہ کاروباری حضرات سے ملاقاتیں ،نقصانات ،بحالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ،مکمل تعاون و یکجہتی کا اظہار

اتوار 7 ستمبر 2025 22:15

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے مینگورہ میں سیلاب سے متاثرہ پرنٹنگ پریس مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جہانزیب گوگل، سوات پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے صدر جمیل خان اور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے متاثرہ کاروباری حضرات سے ملاقاتیں کرکے ان کے نقصانات اور بحالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور مکمل تعاون و یکجہتی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے چینہ مارکیٹ مینگورہ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ بھی کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف و بحالی کے سرگرمیوں کا جائزہ لیا اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ قدرتی آفات پر سیاست کرنا مناسب نہیں، یہ وقت صرف عوام کی خدمت اور تعاون کا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی محکموں، نجی تنظیموں اور عام شہریوں نے اس آفت میں متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے حقیقی کردار ادا کیا ہے۔

فضل حکیم خان نے کہا کہ جس دن سے سیلاب آیا ہے وہ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں جبکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی متاثرہ علاقوں کے دورے کررہے ہیں اور امدادی و بحالی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ سوات، ڈبلیو ایس ایس سی سوات اور ٹی ایم ایز سمیت دیگر صوبائی و ضلعی محکمے مشترکہ طور پر گلیوں کوچوں، مارکیٹوں، دکانوں، گھروں ،سڑکوں نکاسی آب کی صفائی اور متاثرین کی امداد میں دن رات محنت کرکے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین خود کو اکیلا نہ سمجھیں، صوبائی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ضلعی انتظامیہ سوات ہر متاثرہ طبقے کا ڈیٹا شفاف طریقے سے جمع کررہے ہیں اور امدادی چیکس، فوڈ پیکچز اور دیگر اشیا ایک واضح پالیسی کے تحت تقسیم ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اللہ کی طرف سے آتی ہیں لیکن یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات