Live Updates

ایشیا کپ جیتنا ہے تو بولنگ میں بہتری لانا ہوگی اور دونوں اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا

پیر 8 ستمبر 2025 15:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) ایشیا کپ کا آغاز 9 ستمبر سے یو اے ای میں ہو رہا ہے ٹرافی جیتنے کیلیے سابق کرکٹر نے پاکستان ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔کرکٹ میں ایشین چیمپئن کا تاج کس کے سر سجے گا۔ اس کے لیے ایشیا کپ 2025 کا آغاز یو اے ای میں ہو رہا ہے۔ بھارت کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

گرین شرٹس دو بار ٹرافی اٹھا چکے ہیں۔ تیسری بار ایشیا کپ جیتنے کے لیے کیا کچھ کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں سابق قومی کرکٹرز نے پاکستان ٹیم کو مفید مشورے دیے ہیں۔کراچی میں ہونے والے ایک نجی ایونٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان، کامران اکمل، عبدالرزاق اور عمر گل نے کہا کہ ایشیا کپ جیتنا ہے تو بولنگ میں بہتری لانا ہوگی اور دونوں اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان یونس خان نے کراچی میں نجی ایونٹ میں میڈٖیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو ایک نہ ایک دن اس کھیل سے جانا ہوتا ہے۔ تاہم جو پلیئرز ٹیم کے لیے اچھے ہوں اور جب وہ پرفارم کرتے ہیں تو فینز ان ہی کو چاہتے ہیں۔

اگر پاک بھارت میچ کے ٹکٹ فروخت نہیں ہو رہے تو مارکیٹنگ ٹیم کو بہتر کرنا چاہیے۔ایشیا کپ 2012 کی فاتح ٹیم کا حصہ کامران اکمل نے کہا کہ کنڈیشن کے مطابق بولنگ یونٹ مکمل نہیں ہو رہا۔ تین بولرز کے ساتھ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ ٹرائی سیریز میں افغان ٹیم ہم سے جیتی، یو اے ای نے میچ گفٹ کیا۔ لیکن ایشیا کپ میں ایسی غلطیوں کی گنجائش نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یو اے ای کی کنڈیشنز میں اسپنرز نہیں کھیلیں گے تو اور کہاں کھیلیں گے۔

ایشیا کپ میں ہمیں چھوٹی ٹیموں سے ہی نہیں بلکہ بڑی ٹیموں سے بھی جیتنا ہوگا۔ خواہش ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف جیتے، اس کے لیے ٹیم کو محنت کرنا ہوگی اور ٹرافی جیتنے کے لیے دو اسپنرز کو کھلانا ہوگا۔سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ بہترین پرفارمر ٹیم ہے، جس میں چار سے پانچ ہارڈ ہٹر موجود ہیں۔ ہمیں حارث کو اعتماد دینا ہوگا۔

کھلاڑیوں کو پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کو میچز جتوانے ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر پیسر عمر گل نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے جتنے بھی بڑے ٹورنامنٹ جیتے، وہ بولرز نے ہی جتوائے ہیں۔ ٹرائی نیشن سیریز میں ہماری کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی، مگر ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنا ہوگا۔ شائقین کرکٹ بابر اعظم، محمد رضوان، ویرات کوہلی اور روہت شرما کو ایونٹ میں مس کریں گے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا تھا اور پہلا ایونٹ تین ٹیموں پاکستان، بھارت اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اب تک 16 ایڈیشن ہو چکے ہیں اور 17 واں ایڈیشن ٹی 20 فارمیٹ میں یو اے ای میں کھیلا جا رہا ہے، جس کا آغاز 9 ستمبر سے ہو رہا ہے۔پاکستان اب تک دو بار ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے۔ گرین شرٹس نے 2000 میں معین خان اور دوسری بار 2012 میں شاہد خان آفریدی کی قیادت میں ایشیا کپ جیتا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات