میئرکراچی کا تیز بارش میں شہریوں کو گھبرا کر ایک ساتھ دفاتر اور گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ

لوگوں کے ایک ساتھ نکلنے سے سڑکیں جام ہوجاتی ہیں، اہم چوکنگ پوائنٹس پر ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں شہریوں کیلئے پانی، بسکٹ و دیگر ضروری اشیاء رکھی ہیں؛ مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 ستمبر 2025 14:49

میئرکراچی کا تیز بارش میں شہریوں کو گھبرا کر ایک ساتھ دفاتر اور گھروں ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2025ء ) میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے تیز بارش میں شہریوں کو گھبرا کر ایک ساتھ دفاتر اور گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث فلڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں، نالوں کی صفائی کا عمل اطمینان بخش ہے، گجر نالہ، محمود آباد نالہ اور دیگر بڑے نالوں پر صفائی مکمل ہوچکی ہے، کے ایم سی کے 43 بڑے نالوں پر بھی کام کیا گیا ہے، اسی طرح 14 انڈر پاسز میں پمپ نصب کیے گئے ہیں تاکہ فوری نکاسی ممکن ہوسکے، اس کے ساتھ نشیبی علاقوں میں عملہ اور مشینری تعینات کی گئی ہے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی 120 گاڑیاں بھی نکاسی کے عمل میں شریک ہوں گی۔

میئر کراچی نے بتایا کہ اہم چوکنگ پوائنٹس پر ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کے لیے پانی، بسکٹ اور دیگر ضروری اشیاء رکھی گئی ہیں تاکہ اگر کوئی بارش کے دوران پھنس جائے تو وہاں عارضی طور پر ٹھہرسکے، تاہم شہریوں سے ایک بار پھر گزارش ہے کہ اگر تیز بارش ہو تو گھبراکر ایک ساتھ دفاتر اور گھروں سے نہ نکلیں کیوں کہ لوگوں کے گھبرا کر ایک ساتھ نکلنے سے سڑکیں جام ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ بارش ہمارے لیے چیلنج ضرور ہے لیکن ہمارا عملہ مکمل طور پر متحرک ہے، ہمیں نالوں کی صلاحیت اور نکاسی کے مسائل سے نمٹنا ہے اور اس حوالے سے میڈیا اور شہریوں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے کیوں کہ 19 اگست کی بارش میں بھی شہریوں کے ایک ساتھ نکلنے کے باعث شاہراہیں بند ہوئی تھیں، اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں سے تعاون کی درخواست کی جارہی ہے، گزشتہ بارش کے چند گھنٹوں میں ہی سڑکیں کلیئر کردی گئی تھیں اور اس بار بھی بھرپور تیاری ہے۔

متعلقہ عنوان :