Live Updates

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے مشیر صحت احتشام علی کی سربراہی میں ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد

پیر 8 ستمبر 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے مشیر صحت احتشام علی کی سربراہی میں ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ خان، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہد یونس، ڈی ایچ او پشاور ڈاکٹر محمد ادریس، انچارج ویکٹر کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فضل الرحمان سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔

اس واک کا مقصد عوام میں ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے تدارک سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ واک کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے، صاف پانی جمع نہ ہونے دینے، مچھر دانیاں استعمال کرنے اور ماحول کو صاف رکھنے کی ترغیب دی گئی تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔آگاہی واک کے بعد مشیر صحت احتشام علی اور سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ خان کی زیر صدارت انسداد ڈینگی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی ہیلتھ، انچارج انٹیگریٹڈ ویکٹر کنٹرول پروگرام، ڈی ایچ او پشاور اور دیگر اضلاع کے ڈی ایچ اوز نے شرکت کی، جن میں سے بیشتر نے آن لائن شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشیر صحت نے چارسدہ اور ہری پور کے ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں موجود ہاٹ سپاٹس پر فوری طور پر انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں تیزی لائیں اور تکنیکی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ سیلاب کے بعد ڈینگی اور ملیریا جیسے امراض کا پھیلاؤ محکمہ صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مربوط اور فوری حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر ڈی ایچ اوز انسداد ڈینگی کی کارروائیوں کی قیادت کریں گے اور ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، بلدیات، پبلک ہیلتھ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ مشیر صحت نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں، سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کریں اور مقامی پریس کلبز کو آگاہی پھیلانے کے عمل میں شامل کریں تاکہ عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں، مساجد اور مدارس میں ڈاکٹرز خود جا کر آگاہی لیکچرز دیں تاکہ ہر طبقہ فکر تک یہ پیغام پہنچ سکے۔سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے تناظر میں محکمہ صحت کو دوگنی محنت اور کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، اپنے عملے کے ساتھ انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیں، جہاں ضرورت ہو وہاں مچھر دانیاں تقسیم کریں، کھڑے پانی کو فوری طور پر ختم کریں، مچھر کش ادویات کا استعمال کریں اور فوگنگ و اسپرے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں تاکہ ڈینگی کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات