Live Updates

ہیڈ تریموں سے آنے والے نئے ریلے کے باعث ملتان اگلے 48 گھنٹوں تک ہائی رسک پر ہے،عرفان کاٹھیا اور عامر کریم خاں

پیر 8 ستمبر 2025 23:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان کاٹھیا اور کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا دسواں اسپیل جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبے کے 26 اضلاع متاثر اور 43 سو سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں،ملتان اگلے 48گھنٹوں تک ہائی رسک پر ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں تاریخ کی سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئیں جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کے مطابق گجرات کو 8 سے 10 گھنٹوں میں اربن فلڈنگ سے کلیئر کر دیا جائے گا۔ ستلج میں 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک اور ہیڈ اسلام پر 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

(جاری ہے)

عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ تریموں سے آنے والے نئے ریلے کے باعث ملتان اگلے 48 گھنٹوں تک ہائی رسک پر ہے جبکہ ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ فلڈ بندوں پر پانی کا دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 27 ہزار سے زائد کشتیوں کے ٹرپ کئے گئے، 74 ہزار 786 افراد فلڈ کیمپس میں ہیں اور 15 لاکھ 78 ہزار 385 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 63 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تاہم حکومت پنجاب کے پاس خیموں اور وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جلالپور پیر والا میں ایک دن میں 4 ہزار افراد کو منتقل کیا گیا۔ زیادہ تر متاثرین ریلیف کیمپوں کے بجائے عزیز و اقارب کے پاس رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے، فلڈ بندوں پر 28 کیمپ قائم ہیں اور تمام اعلانات شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات