پی آئی ٹی بی کی دو روزہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو 2025 میں شرکت،شرکاء کو پاکستان کے پہلے آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن اور بس شیڈولنگ سسٹم بارے آگاہی فراہم کی

پیر 8 ستمبر 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ دو روزہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو 2025 میں شرکت کی جہاں شرکاء کو پی آئی ٹی بی کی جانب سے وضع کردہ پاکستان کے پہلے آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن اینڈ بس شیڈولنگ سسٹم (AFC-BSS) بارے آگاہی فراہم کی گئی۔

اس موقع پر پی آئی ٹی بی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز سید قاسم افضال اور عاطف حسین، سینئر پروگرام مینجرز ہارون حفیظ اور اویس ارشد سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ایکسپو میں پی آئی ٹی بی ٹیم کی جانب سے لگایا گیا سٹال خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا جہاں شرکاء کو صوبہ پنجاب میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے اقدامات بارے آگاہی فراہم کی گئی جن کے ذریعے شہریوں کو سمارٹ، کیش لیس اور شفاف سفری سہولت فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس سسٹم کی نمایاں خصوصیات میں T-Cash کارڈ، e-Transit پنجاب ایپ، ریئل ٹائم بس شیڈولنگ اور ڈیجیٹل ٹکٹنگ سلوشنز شامل ہیں جو عوام کو سہولت، شفافیت اور جدید سفری تجربہ فراہم کریں گی۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو گا اور سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو شفاف، مؤثر اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد پنجاب میں ایک جدید، قابلِ اعتماد اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹرانسپورٹ سسٹم تشکیل دینا ہے۔ دو روزہ ایکسپو میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، اداروں کے سربراہان اور سٹیک ہولڈرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی جہاں ٹرانسپورٹ، موبیلٹی، سیفٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید حل اور مستقبل کے رجحانات کو اجاگر کیا تاکہ ٹرانسپورٹ سسٹم کو نئی جہت دی جا سکے۔