خواندگی کا عالمی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ تعلیم انسانی وقار، مواقع کی دستیابی اور ایک مضبوط قوم کی تعمیر کا سنگِ بنیاد ہے ، ڈاکٹر محمد زاہد لطیف

پیر 8 ستمبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) بین الاقوامی یومِ خواندگی کے موقع پر نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں تعلیم کی اہمیت اور اس کے قومی و بین الاقوامی اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ "خواندگی کا عالمی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ تعلیم نہ صرف علم کی بنیاد ہے بلکہ یہ انسانی وقار، مواقع کی دستیابی اور ایک مضبوط قوم کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی خواندگی صرف الفاظ پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جامع صلاحیت ہے جس میں تنقیدی سوچ، اخلاقی بصیرت اور معاشرتی ہمدردی بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نسٹ میں تعلیم کو روایتی حدود سے نکال کر ایک ایسے ماحول میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں سیکھنے کا عمل کلاس روم سے باہر بھی جاری رہتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں طلبہ کو نہ صرف جدید علوم میں مہارت دی جاتی ہے بلکہ انہیں ایک ذمہ دار شہری اور مستقبل کے رہنما کے طور پر تیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں، اساتذہ، والدین اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم کے فروغ اور شعور کی بیداری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں ہر فرد کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر استعمال کر سکے۔آخر میں انہوں نے عہد کیا کہ "خواندگی کے اس بین الاقوامی دن، آئیے ہم سب مل کر علم کے نور کو پھیلانے اور ایک روشن، زیادہ جامع اور ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے کوشاں رہیں۔