Live Updates

دریاؤں کا خطرناک بہاؤ برقرار، علی پور میں سپربند ٹوٹ گیا، بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ

سیلابی پانی ملتان شہر کے بند تک پہنچ گیا جس کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، شہر کو بچانے کیلئے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا گیا، آئندہ 12 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 10:54

دریاؤں کا خطرناک بہاؤ برقرار، علی پور میں سپربند ٹوٹ گیا، بڑے جانی ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) پنجاب میں جاری سیلابی صورتحال میں دریاؤں میں پانی کی خطرناک سطح برقرار ہے، اس دوران علی پور میں سپربند ٹوٹ گیا، جس کی وجہ سے بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، جس کی وجہ سے ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ بڑھ چکا ہے، 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے، دریائے چناب نے ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں تباہی مچادی جہاں 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن کیا گیا، متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے، سیلابی پانی شہر کے بند تک پہنچ گیا جس کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، شہر کو بچانے کیلئے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا گیا اور آئندہ 12 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور میں چندر بہان کے مقام پر دریائی سپربند ٹوٹ گیا، جس کے بعد دریائے سندھ کے پانی نے قریبی آبادیوں کی جانب رخ کرلیا جہاں بستی لکھانی کے قریب بند میں شدید شگاف پڑنے کے بعد پانی کا ریلا قریبی دیہاتوں کی طرف مڑ گیا، شگاف کا حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے اور درجنوں دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، شگاف کے باعث متاثرہ علاقوں میں سیت پور، خانگڑھ دوئمہ، سلطان پور، سرکی، خیرپور سادات اور آس پاس کے دیگر نشیبی علاقے شامل ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ دریائے چناب کے منہ زور ریلوں سے لیاقت پور میں بھی 35 دیہات ڈوب گئے، جلال پور پیر والا میں تیز بارش ہوئی جس سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، عارف والا دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، ٹبی لال بیگ کے قریب سیلاب متاثرین نے سڑک پر کٹ لگا دیا جہاں ریلا تیزی سے عارف والا بہاولنگر روڈ کی طرف بڑھنے لگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات