Live Updates

رحیم یارخان : سیلاب متاثرین کی کشتی اُلٹ گئی، 3 لاشیں نکال لی گئیں

منگل 9 ستمبر 2025 12:02

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)رحیم یارخان کے علاقے لیاقت پور موضع نور والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی اُلٹنے سے 5 افراد ڈوب گئے، 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔لیاقت پور میں بند ٹوٹنے سے متاثرہ 16 دیہات سے 2 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔مظفر گڑھ میں زمیندارہ بند ٹوٹ گیا، متعدد بستیاں پانی میں گھر گئیں اور ہزاروں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

سیلابی پانی میں گھرے مظفر گڑھ میں مزید شدید بارش سے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔اطلاعات کے مطابق 4سی5 بچے بھی پانی کی لہروں کی نذر ہو گئے، جن کا تاحال پتہ نہ چل سکا۔واقعہ کے بعد انتظامیہ نے علاقے کو تحویل میں لیکر لاپتا افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، عینی شاہدین نے بتایا کہ عملہ سیلاب میں پھنسے افراد کو لیکر آرہا تھا کہ راستے میں کشتی الٹ گئی۔دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق خواتین کی شناخت زوجہ محمد آصف اور زوجہ اکمل کے نام سے ہوئی، کشتی الٹنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی جب کہ علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات