Live Updates

سیلاب نے متاثرہ خاندانوں کی صحت کے مسائل میں اضافہ کیا ہے، ڈاکٹرنوید احمد

منگل 9 ستمبر 2025 13:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین اور دیگر عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور اس مقصد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں دن رات سرگرم عمل ہے۔حالیہ بارشوں اور سیلاب نے علاقے میں جہاں تباہی مچائی ہے وہاں متاثرہ خاندانوں کی صحت کے مسائل بھی کئی گنا بڑھ گئے ہیں، ایسے وقت میں ہمارا فرض ہے کہ ہم متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی طبی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں روزانہ درجنوں مریضوں کو مفت چیک اپ، ادویات اور لیبارٹری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور دیگر اہلکار دن رات عوام کی خدمت کے لیے مصروف عمل ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کسی بھی مریض کو علاج معالجے میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے بچوں اور خواتین کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ ان کی صحت سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، اس سلسلے میں حفاظتی ٹیکوں، غذائی سپلیمنٹس اور ایمرجنسی طبی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور تعاون سے ہسپتال کے وسائل میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ عوام کے اعتماد اور دعاؤں سے ہی ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہم اس کٹھن وقت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کی بحالی کے لیے طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھیں گے کیونکہ عوامی خدمت ہی ہمارا سب سے بڑا اعزاز ہے اور یہی ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری کا تقاضا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات