Live Updates

سیلاب سے متاثرہ 67 فیڈرز میں سے 59 مکمل ، 8 جزوی طور پر بحال کردیے ہیں، ترجمان لیسکو

منگل 9 ستمبر 2025 16:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے عمل میں نمایاں پیش رفت کی ہے، ریجن میں سیلاب سے متاثرہ 67 فیڈرز میں سے 59 مکمل اور 8 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں، اسی طرح 73 ہزار734 متاثرہ صارفین میں سے65 ہزار 721 کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے جو کل صارفین کا تقریبا 89.13 فیصد ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق لاہور میں17 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے16 مکمل اور ایک جزوی طور پر بحال ہو چکا،اس کے نتیجے میں سیلاب سے متاثرہ 98 فیصد سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔ اوکاڑہ میں15 متاثرہ فیڈرز میں سے13 مکمل اور2 جزوی بحال ہوئے ہیں جہاں 65 فیصد صارفین کو بجلی فراہم ہو چکی ہے۔ شیخوپورہ میں تمام 10 متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں اورتمام صارفین کو بجلی مہیا کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قصور میں16 متاثرہ فیڈرز میں سے 13 مکمل اور3 جزوی طور پر بحال کیے گئے ہیں جہاں اب تک50 فیصد سے زائدصارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔ ننکانہ میں9 متاثرہ فیڈرز میں سے7 مکمل اور2 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں اور وہاں 88 فیصد صارفین کو بجلی فراہم ہو چکی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ سیلاب کی اس ہنگامی صورتحال میں لیسکو کی ٹیمیں دن رات متاثرہ صارفین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ تمام صارفین کو جلد از جلد بجلی فراہم کی جائے، جن علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہو سکی وہاں بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور بہت جلد تمام متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دیے جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات