لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری

منگل 9 ستمبر 2025 16:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے انسداد تجاوزات آپریشنز بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریگولیشن ونگ نے مشترکہ کارروائیاں کیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ آپریشنز میں 707 تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے 7875 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز ہٹا دیے۔

یہ کارروائیاں میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کی نگرانی میں مکمل کی گئیں۔انتظامیہ کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشنز کے ذریعے سڑکوں، عوامی مقامات اور راستوں کو واگزار کرایا جا رہا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی لاہور کے تاریخی مقامات کی خوبصورتی کو بھی بحال کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا نفاذ یکساں اور شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو سہولت میسر ہو سکے اور لاہور کو ایک خوبصورت اور تجاوزات سے پاک شہر بنایا جا سکے۔