عزیر احمد غزالی کا درگاہ حضرت بل میں اشوکا کے نشان والی تختی کی تنصیب پر شدید ردعمل

منگل 9 ستمبر 2025 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی کا درگاہ حضرت بل میں اشوکا کے نشان والی تختی کی تنصیب پر شدید ردعمل،غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں درگاہ حضرت بل پر اشوکا کے نشان والی تختی کی تنصیب کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے اس اقدام کو کشمیری عوام کے مذہبی جذبات کے ساتھ سنگین کھلواڑ قرار دیا ہے۔

مظفرآباد سے جاری اپنے بیان میں عزیر احمد غزالی نے کہا کہ درگاہ حضرت بل کشمیری عوام کا دینی و روحانی مرکز اور فخر ہے، مگر قابض انتظامیہ نے وہاں اشوکا کے نشان والی تختی لگا کر عوامی جذبات واحساسات کو مجروح کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس مجرمانہ فعل کیخلاف احتجاج کرنے والے 25 کو گرفتار کرنا فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں آمریت مسلط ہے جس کیخلاف کشمیری عوام مسلسل مزاحمت کررہے ہیں۔

انکا کہنا تھا مقبوضہ جموں کشمیر میں‘‘ہماری مذہبی، تہذیبی اور جذباتی اقدار کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت بل میں اشوکا کے نشان والی تختی لگانے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ جموں کشمیر ایک غالب مسلم شناخت والی ریاست ہے جس میں دلی سرکار کی مداخلت کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ ُنہوں نے اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل، او آئی سی اور یورپی یونین کے ممالک سے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر میں بھارتی حکومت کے جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے جو مسلسل لاکھوں شہریوں کے مذہبی، سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق پامال کر رہی ہے۔