روپے کی ڈی ویلیو ایشن معاشی مسائل کا حل نہیں، گوہر اعجاز کی ڈالر مہنگا کرنے کی مخالفت

منگل 9 ستمبر 2025 16:53

روپے کی ڈی ویلیو ایشن معاشی مسائل کا حل نہیں، گوہر اعجاز کی ڈالر مہنگا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)چیئرمین اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ اور سابق نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے ڈالر مہنگا کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی ڈی ویلیو ایشن معاشی مسائل کا حل نہیں ہے، ٹیکس چور مارکیٹ سے 3 فیصد مہنگا ڈالر خرید کر خوف پیدا کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں سابق نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ روپے کی ڈی ویلیوایشن ڈالر کی قلت کو دور نہیں کرے گی، ذخیرہ اندوز مارکیٹ سے مہنگا ڈالر خریدتے ہیں، ٹیکس چور مارکیٹ سے 3 فیصد مہنگا ڈالر خرید کر خوف پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشی جادوگروں کو ڈالر کی قلت کا خوف پیدا ہو جاتا ہے، معاشی جادوگروں نے گزشتہ 50 سال میں روپے کی بے قدری کی ہے، پاکستان کو ڈی ویلیو ایشن نہیں برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گوہر اعجاز نے کہا کہ معاشی جادوگر بھول جاتے ہیں کہ ملکی درآمدات ڈالر پر مبنی ہیں، گزشتہ 50 سال میں روپیہ ڈی ویلیو کرنے سے معاشی مسائل حل نہیں ہوئے، آئندہ 50 سال میں بھی روپے کی بے قدری ڈالر کی قلت کو پورا نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ روپے کی ڈی ویلیو ایشن پاکستان کو معاشی کامیابی نہیں دے سکتی، ہم اپنے معاشی مسائل کی بنیادی وجہ کو کب حل کریں گے، پاکستان کو برآمدات پر مبنی معیشت بنانے کا وقت ہے۔