وزیراعظم شہباز شریف کی انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری جلد مکمل کرنے ، ٹیکس چوروں کی شناخت کے لئے نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2025 16:50

وزیراعظم  شہباز شریف کی  انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی پذیرائی اور ٹیکس چور افراد کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مفید ہوگی۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے لیے کاروبار دوست ماحول اور ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس چور افراد کی شناخت اور ان سے محصولات کی وصولی کے لیے پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی شناخت کے لیے نہ صرف ایف بی آر میں موجود افرادی قوت بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

وزیراعظم نے حکومت کے ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے لیے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزے کے لئے بہترین بیرون ملک آڈیٹرز کا انتخاب کیا جائے، تھرڈ پارٹی جائزے کو جاری رکھا جائے تاکہ سسٹم کے اندر خامیوں کی نشاندہی ہو سکے اور اس کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ٹیکس چوروں کی شناخت کے لیے اقدامات، ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری اور محصولات میں اضافے کے لیے سپر آڈیٹرز کے ذریعے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انکم اور سیلز ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کے لیے ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے، کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزہ کے لئے ایک سائنٹفک آڈٹنگ نظام ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت سپر آڈیٹرز کا تعین کیا گیا جنہوں نے کسٹم کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا، اس جائزے سے مرتب شدہ نتائج کو رسک مینجمنٹ سسٹم میں بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔\932