Live Updates

ایتھوپیا میں افریقہ کے سب سے بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا باقاعدہ افتتاح

منگل 9 ستمبر 2025 16:53

گوبا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ایتھوپیا نے باضابطہ طور پر افریقہ کے سب سے بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا افتتاح کیا جو لاکھوں شہریوں کو بجلی فراہم کرے گا تاہم اس کے ساتھ ہی ڈیم کے باعث پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر ایتھوپیا کے مصر کے ساتھ اختلافات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔رائٹرز کے مطابق 120 ملین سے زائد آبادی کے ساتھ افریقہ کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ایتھوپیا دریائے نیل پر تعمیر ہونے والے 5 ارب ڈالر مالیت کے گرینڈ ایتھوپین رنے سانس ڈیم کو اپنی معاشی ترقی کا محور قرار دیتا ہے۔

ڈیم کی پیداوار میں بتدریج اضافہ 2022 میں پہلی ٹربائن کے چلنے سے شروع ہوا اور منگل کو اس نے اپنی 5150 میگا واٹ کی مکمل صلاحیت حاصل کر لی، یہ ڈیم دنیا کے 20 سب سے بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیمز میں شامل ہو گیا ہے، اگرچہ یہ چین کے تھری گورجز ڈیم کی صلاحیت کا صرف ایک چوتھائی ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے دوران گوبا میں ڈیم کے مقام پر ایک ایتھوپین جنگی طیارہ سفید جھاگ سے اٹھتے پانی کے اوپر نچلی پرواز کرتا رہا جہاں پانی 170 میٹر (558 فٹ) کی بلندی سے نیچے گرتا ہے۔

وزیراعظم آبی احمد نے صومالیہ، جبوتی اور کینیا کے صدور سمیت درجنوں معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایتھوپیا نے یہ ڈیم خوشحالی ، پورے خطے کو بجلی فراہم کرنے اور سیاہ فام قوم کی تاریخ بدلنے کے لیے بنایا ہے، یہ کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کو ایتھوپیا کے عوام کے لیے بجلی کی فراہمی بہتر بنانے اور خطے کو اضافی بجلی برآمد کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔حکومت کے مطابق ڈیم کے آبی ذخیرے نے گریٹر لندن سے بھی بڑے علاقے کو زیر آب کر دیا ہے، جو ڈاؤن اسٹریم علاقوں کے لیے نہری آبپاشی کا مستقل پانی فراہم کرے گا اور سیلاب و خشک سالی کو بھی محدود کرے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات