فلورملز کی مشروط مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر آمادگی، پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سستا ہو گیا

منگل 9 ستمبر 2025 17:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمت میں بڑی کمی ہو گئی، 20 دن تک مسلسل اضافے کے بعد آٹے کی قیمتیں کنٹرول میں آ گئیں۔فلورملز نے مشروط مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔آٹا ڈیلرز ایسوسی کے مطابق آٹے کا 20 کلو تھیلا ایک روز میں 200 روپے سستا ہوا ہے، مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2700 سے کم ہو کر 2500 روپے کا ہو گیا ہے۔

فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2850 سے کم ہو کر 2650 میں فروخت ہو رہا ہے، تین ہفتے قبل مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 1400 روپے تھی،20 دن میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی تھی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد قیمتوں میں کمی آئی ہے، پنجاب حکومت، وفاقی وزیر خزانہ اور چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

(جاری ہے)

فلورملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی 800 ملیں آج سے دوبارہ کھل جائیں گی، فلور ملز آج دوپہر سے 10 اور20 کلو آٹا تھیلا سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں سپلائی کریں گی،جس سے قیمتوں میں خود ساختہ اضافے میں کمی کا امکان ہے۔حکومت آٹا ملوں کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ دے گی۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ ٹن ماہانہ سرکاری گندم اجراء مارکیٹ میں استحکام لانے کیلئے ناکافی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ حکومت 25 لاکھ ٹن سرکاری ونجی گندم کی فلور ملز کو تین ہزار روپے فی من قیمت پر فراہمی کے انتظامات کرے۔ ڈویژنل ہیڈ اضلاع کی بجائے پنجاب بھر کی ملز کو سرکاری گندم فراہم کی جائے۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ سرکاری گندم کی قیمت فروخت کو تین ہزار روپے فی من سے بڑھایا جائے تاکہ کسان، ملر، ٹریڈر کا نقصان نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :