تہران اسلام آباد براہ راست پروازیں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنیں گی ، آئی سی سی آئی

منگل 9 ستمبر 2025 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔منگل کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں آئی سی سی آئی کی قیادت نے کہا کہ اس پرواز کا آغاز سیاحت کو فروغ دینے، عوام سے عوام کے تبادلے کو آسان بنانے اور پاکستان اور ایران کے درمیان کاروباری رابطوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے منگل کے روز تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پرواز شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے فضائی نقل و حمل کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کا ایک نیا سنگ میل قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس تاریخی پیشرفت پر ایران اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ سیاحتی برادری، کاروباری حلقوں اور دونوں ممالک کے نجی شعبے کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے کہا ہے کہ اس براہ راست پرواز کے افتتاح سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت پہلے سے کہیں زیادہ فروغ پائے گی، خاص طور پر ایرانی شہریوں کے پاکستان کے خوبصورت مناظر اور ثقافتی پرکشش مقامات کے دوروں کا موقع ملے گا۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور براہ راست پرواز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔