اسرائیل کے دوحہ پر فضائی حملے، حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ شہید

منگل 9 ستمبر 2025 19:10

دوحہ/یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فضائی حملے کیے جن میں حماس کے اعلیٰ حکام کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ اس حملے میں شہید ہوگئے ہیں ۔ ادھر اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے فوجی اور انٹیلی جنس ادارے نے حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کے لیے درست حملہ کیا ہے، تاہم بیان میں حملے کی جگہ کا ذکر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

حماس کے ایک ذریعے نے عرب میڈیا کو بتایا کہ دوحہ میں تنظیم کے سیاسی بیورو کے دفتر میں مذاکراتی وفد کو نشانہ بنایا گیا۔دوحہ کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے سے کچھ پہلے شہر میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کٹارا ڈسٹرکٹ کے اوپر دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ ایک رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے کم از کم پانچ دھماکے سنے۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب قطر حماس اور دیگر فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر رہا تھا۔