روس کی یوکرینی گاؤں پربمباری میں 23 افراد ہلاک، 18 زخمی

ایسے روسی حملوں پر دنیا کی جانب سے مناسب جواب دیا جانا چاہیے، یوکرینی صدر

منگل 9 ستمبر 2025 19:53

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ مشرقی ڈونیٹسک علاقے کے دیہی گاؤں یارووا میں روسی فضائیہ کی بمباری میں 23 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس فضائی حملے کو انتہائی ظالمانہ اور براہ راست عام شہریوں پر حملہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے روسی حملوں پر دنیا کی جانب سے مناسب جواب دیا جانا چاہیے۔زیلنسکی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں ہولناک مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، جن میں کئی لاشیں زمین پر پڑی دکھائی دیتی ہیں، یہ سب عام کپڑوں میں ملبوس ہیں، فوٹیج میں کچھ افراد معمر دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ کئی کو شدید زخم آئے ہیں۔زیلنسکی کے مطابق لوگوں پر اٴْس وقت حملہ کیا گیا جب گاؤں میں پنشن تقسیم کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

یہ گاؤں محاذ جنگ سے محض چند میل کی دوری پر ہے، پنشن کی تقسیم یوکرین کی ڈاک سروس کے ذریعے بھی کی جاتی ہے۔ویڈیو میں یارووا سے ڈاک سروس کی موبائل برانچ کی ایک وین کا ملبہ دیکھا جا سکتا ہے۔ پس منظر میں بچوں کے کھیلنے کا میدان بھی دکھائی دے رہا ہے، جہاں دو زرد پھسلنے والی سلائیڈز نظر آتی ہیں۔ڈونیٹسک کی علاقائی فوجی انتظامیہ کے سربراہ وادیم فیلاشکن نے کہا کہ روسیوں نے اٴْس وقت حملہ کیا جب لوگ اپنی پنشن وصول کر رہے تھے۔

یہ جنگ نہیں بلکہ سراسر دہشت گردی ہے۔’ نہوں نے بتایا کہ امدادی کارکن اور طبی عملہ اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔یوکرینی ڈاک سروس کے سربراہ ایگور سمیلانسکی کے مطابق مقامی ڈاک برانچ کے سربراہ زخمی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاک سروس مسلسل اپنی حفاظتی حکمت عملیاں بدلتی رہی ہے تاکہ ایسے حملوں سے بچا جا سکے۔

فوٹیج میں نظر آتا ہے کہ وین کو درختوں کے نیچے کھڑا کیا گیا تھا تاکہ فضائی نگرانی سے بچا جا سکے۔یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبہا نے کہا کہ ملک اپنے اتحادیوں سے’ سخت ردِعمل’ کی توقع رکھتا ہے اور روس پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روسی پروپیگنڈا دعویٰ کرتا ہے کہ وہ ڈونیٹسک کے لوگوں کو بچا رہے ہیں تاہم حقیقت میں وہ اٴْن پر بڑے فضائی بم گراتے ہیں جو اپنی پنشن وصول کرنے آئے تھے۔

یاد رہے کہ یارووا گاؤں کی آبادی فروری 2022 میں روس کے مکمل حملے سے پہلے تقریباً 2800 نفوس پر مشتمل تھی۔ یہ گاؤں جون 2022 میں روس کے قبضے میں چلا گیا تھا، مگر اسی سال بعد میں یوکرینی افواج نے دوبارہ واپس حاصل کر لیا تھا۔مقامی حکام نے گزشتہ روز بتایا کہ پورے یوکرین میں گزشتہ روز کے دوران مزید سات افراد ہلاک اور کم از کم 22 زخمی ہوئے۔ مشرقی زاپوریزیا علاقے میں ایک خاتون ہلاک اور ایک زخمی ہوئی۔وادیم فیلاشکن فیلاشکن نے کہا کہ ایک روز قبل ڈونیٹسک علاقے پر ایک اور حملے میں چھ افراد مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے۔