صوبائی حکومت نے خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے "ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ فنڈ" قائم کیا ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

منگل 9 ستمبر 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود، ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت ہمہ جہت اقدامات کر رہی ہے، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ویمن بلوچستان کی سربراہ عائشہ ودود اور درود ننگیال سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبے میں خواتین کو درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے جاری اقدامات اور مستقبل کے اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے "ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ فنڈ" قائم کیا ہے، جس کے ذریعے ہنر مند خواتین کو بغیر سود مفت قرضے اور کاروباری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے صوبے میں لیگل ایڈ ڈیسک اور جینڈر ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں خواتین کو قانونی رہنمائی اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے شیلٹر ہومز اور شہید بے نظیر بھٹو ویمن سینٹرز فعال کردار ادا کر رہے ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبے میں خواتین کی فلاح کے لیے تیار کردہ "جینڈر ایکویلیٹی اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی" خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی شمولیت کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

اس پالیسی کے تحت خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں برابر مواقع دینے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ پانی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں خواتین کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین کے لیے ہنر مندی کے مراکز، ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں یو این ویمن بلوچستان کی سربراہ عائشہ ودود اور درود ننگیال نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی، صنفی مساوات اور ان کے تحفظ کے لیے حکومت بلوچستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان اشتراک عمل مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کی خواتین ایک محفوظ، بااختیار اور خوشحال مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔