نسٹ کی ڈیجیٹل ہیلتھ میں ایجاد "ڈرما وژن" نے ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی

منگل 9 ستمبر 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی ایجاد "ڈرما وژن" نے ڈیجیٹل ہیلتھ میں نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ نسٹ کے طلباء و محققین کی تیار کردہ جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ہیلتھ کیئر ایجاد "ڈرما وژن" نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرما وژن نے ہارورڈ یونیورسٹی کے ہیلتھ سسٹمز انوویشن لیب (HSIL) کے وینچر بلڈنگ پروگرام میں فرسٹ رنر اپ (دوسری پوزیشن) حاصل کی ہے۔ اس پروگرام میں دنیا بھر سے جدید ہیلتھ ٹیکنالوجیز اور اسٹارٹ اپس نے شرکت کی۔ ڈرما وژن ایک جدید اے آئی سسٹم ہے جو جلدی بیماریوں کی جلد تشخیص میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے دیہی اور دور دراز علاقوں میں بہتر علاج ممکن ہو سکتا ہے۔ نسٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کی قابلیت، محنت اور عالمی معیار کی تحقیق و ترقی کا ثبوت ہے۔