یو این ویمن کی میزبانی میں این سی ایس ڈبلیو کے اشتراک سے پاکستان کی کیئر اکانومی روڈمیپ پر تاریخی مکالمے کا آغاز

منگل 9 ستمبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) یو این ویمن نے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) کے اشتراک سے دو روزہ فورم “ٹرانسفارمنگ کیئر سسٹمز: پاکستان میں معاشی ترقی اور سماجی برابری کے لیے روڈمیپ” کا آغاز کیا ہے۔ اس فورم کا مقصد ملک کی پہلی کیئر اکانومی روڈمیپ تیار کرنا ہے۔مکالمے میں وفاقی و صوبائی نمائندوں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، اکیڈیمیا اور نجی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔

شراکت دار اداروں میں یونیسیف، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)، ناروے کی حکومت اور جاز شامل ہیں۔افتتاحی خطاب میں این سی ایس ڈبلیو کی قائم مقام چیئرپرسن ام لائلہ اظہر نے خواتین کے غیر ادا شدہ گھریلو کام کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ صرف خدمات کی بات نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کا عمل ہے کہ ہر عورت کے کام کو وقعت اور سہارا ملے۔

یو این پاکستان کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ نگہداشت کو ایک ہنرمند پیشہ اور انسانی ترقی کی بنیاد تسلیم کیا جانا چاہیے۔ جاز کے کاظم مجتبیٰ نے کہا کہ نجی شعبے کو چاہیے کہ کیئر کو چیلنج کے بجائے موقع میں بدل کر خواتین کی ورک فورس میں شمولیت بڑھانے اور معیشت کو مستحکم بنانے میں کردار ادا کرے۔آسیان انٹر پارلیمنٹری اسمبلی کی سیکرٹری جنرل حجّہ سیتی روزائمیریانتھی داتو حاجی عبدالرحمٰن نے پاکستان کی خطے میں قیادت کو سراہا اور کہا کہ جامع نگہداشت کے نظام زیادہ مضبوط معیشت اور مربوط معاشروں کی ضمانت ہیں۔

فورم میں نگہداشت پر سرمایہ کاری کی سماجی و معاشی اہمیت، غیر ادا شدہ اور ادا شدہ کام کے تقاضے، سماجی تحفظ، ڈیسنٹ ورک پالیسیوں اور عوامی–نجی شراکت داری پر غور کیا جا رہا ہے۔ مکالمے میں صنفی مساوات اور ماحولیاتی لچک کے ساتھ نگہداشت کے ربط پر بھی بحث ہو رہی ہے۔فورم کے اختتام پر ایک پالیسی پیپر جاری کیا جائے گا جو سفارشات اور عملی اقدامات کو یکجا کرے گا اور پاکستان کی پہلی کیئر اکانومی روڈمیپ کی بنیاد بنے گا۔

مقررین میں ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، رکن قومی اسمبلی،جمشید ایم کاظی، یو این ویمن پاکستان، شرمیلا رسول، یونیسیف، ڈاکٹر لبنیٰ شہناز، پرائیڈ کنسلٹنگ؛ گل مینا بلال، چیئرپرسن نیوٹیک؛ دُر شہوار، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن؛ محمد جہانگیر، ہینڈی کیپ انٹرنیشنل؛ ڈاکٹر دُر نایاب، قائد پائید؛ حمیرا ضیا مفتی، سیکرٹری این سی ایس ڈبلیو؛ ایوو اسپاوین، آئی ایل او؛ اور سمیہ بشریٰ، بی او پِنک شامل ہیں۔

اختتامی کلمات وزیر مملکت وجیہہ قمر، ناروے کے سفیر پر البرٹ الساس، اور جیکی کیتنوٹی، یو این ویمن پاکستان پیش کریں گی۔یہ اقدام یو این ویمن کی علاقائی کوششوں کا تسلسل ہے، جن میں ایشیا پیسفک کیئر فورمز اور ٹرانسفارم کیئر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو شامل ہیں، تاکہ جامع اور پائیدار نگہداشت کے نظام کو فروغ دیا جا سکے