کیلیفورنیا کی بندرگاہ پر 67 شپنگ کنٹینرز سمندر میں گرگئے ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

بدھ 10 ستمبر 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے لانگ بیچ بندرگاہ پر لنگر انداز بحری جہاز سے67کنٹینرز سمندر میں گرگئے ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شنہوا کے مطابق پورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا کہ کارگو شپ مسسی سپی سے تقریباً 67 کنٹینرز ٹرمینل جی پر گر گئے۔ گرنے والے کئی کنٹینرز نے ساتھ لنگرانداز ایک چھوٹی کلین ایئر بارج کو بھی نقصان پہنچایا۔

شپنگ ٹریکر ویسل فائنڈر کے مطابق مسسی سپی دو ہفتے قبل چینی بندرگاہ پر موجود تھی۔ امدادی کارروائیوں کے لیے ایک یونائیٹڈ کمانڈ قائم کی گئی ہے جس میں امریکی کوسٹ گارڈ، لانگ بیچ فائر ڈیپارٹمنٹ، لانگ بیچ پولیس ڈیپارٹمنٹ، پورٹ آف لانگ بیچ اور یو ایس آرمی کور آف انجینئرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بندرگاہ کے حکام کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی اور ٹرمینل یا پورٹ آپریشن پر کوئی اثر پڑا ہے۔

کوسٹ گارڈ نے جہاز کے ارد گرد 500 یارڈ کا حفاظتی زون نافذ کیا ہے اور قریبی سمندری ٹریفک کو الرٹ کرنے کے لیے ہر گھنٹے بعد حفاظتی نشریات جاری کر رہا ہے۔پورٹ آف لانگ بیچ امریکا کے سب سے مصروف کنٹینر گیٹ ویز میں سے ایک ہے۔ اس نے 2024 میں تقریباً 9.6 ملین ٹوئنٹی فٹ ایکویویلنٹ یونٹس (TEUs) ہینڈل کیے تھے اور جولائی 2025 میں ایک 944,232 ٹی ای یوز پروسیس کر کے نیا ریکارڈ قائم کیاتھا۔