اسرائیلی حملہ،سعودی عرب قطر کے ساتھ ہے، وزیرخارجہ

اسرائیلی حملہ نہ صرف قطر بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے،گفتگو

بدھ 10 ستمبر 2025 12:27

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے قطری ہم منصب اور وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔انہوں نے قطر کے ساتھ مملکت کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دوحہ پر اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس حملے کو مجرمانہ فعل اور عالمی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب قطر کی سلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔اسی تناظر میں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی اور اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے بھی علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ ان رابطوں میں اس اسرائیلی جارحیت کے خطرناک مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا جو نہ صرف قطر بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔ تینوں وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کے ان اقدامات کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے جو خطے کے امن اور استحکام کو متزلزل کر رہے ہیں۔