جموں و کشمیر ،پونچھ میں زمین دھنسنے سے 60سے زائدمکانات تباہ، 70خاندان بے گھر ہو گئے

بدھ 10 ستمبر 2025 14:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے کالابان میں بڑے پیمانے پر زمین دھنسنے سے 60سے زائد مکانات تباہ ہوگئے جس سے کم از کم 70 خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مینڈھر کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں موسمی حالات میں بہتری کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے سے زمین مسلسل دھنس رہی ہے۔

حکام نے تصدیق کی کہ 28مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 35میں خطرناک دراڑیں پڑ گئیں جس کی وجہ سے وہ رہائش کے قابل نہیں رہے۔

(جاری ہے)

سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر عمران رشید کٹاریہ نے بتایا کہ واقعے میں درجنوں کنال اراضی، ایک مسجد، تین سکولوں اور ایک قبرستان کو بھی نقصان پہنچا ۔ بے گھر ہونے والے خاندان محفوظ مقامات پراپنے رشتہ داروں کے گھروں کو منتقل ہو گئے ہیں۔

بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی سے مقامی لوگوں میں خوف پھیل گیا ہے، ا ن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور روزی روٹی دونوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس قدرتی آفت سے ایک بار پھر مقبوضہ جموں وکشمیرکے پہاڑی علاقوں میں قابض حکام کی عدم توجہی بے نقاب ہوگئی ہے جہاں ناقص انفراسٹرکچر اورحکام کی لاپرواہی سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔