سندھ ہائی کورٹ ، ڈاکس کے علاقے سے لاپتا ہونے والے شہری کی بازیابی کی درخواست پرتفتیشی افسر نے پیش رفت رپورٹ جمع کرادی

بدھ 10 ستمبر 2025 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکس کے علاقے سے لاپتا ہونے والے شہری کی بازیابی کی درخواست پرتفتیشی افسر نے پیش رفت رپورٹ جمع کرادی۔رپورٹ کے مطابق شہری کو کسی نے غائب نہیں کیا بلکہ ازخود لاپتا ہے، شہری ایاز مقروض ہوگیا، کوئی پیسوں کی واپسی کا تقاضہ نہ کرے اس لیے از خود لاپتا ہوگیا۔بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں ڈاکس کے علاقے سے شہری کے لاپتا ہونے والے شہری کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے عدالتی حکم پر لاپتا شہری کی بازیابی کی درخواست پر عدالت میں پیش رفت رپورٹ جمع کرادی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ شہری کو کسی نے غائب نہیں کیا بلکہ ازخود لاپتا ہے۔ شہری ایاز مقروض ہوگیا، کوئی پیسوں کی واپسی کا تقاضہ نہ کرے اس لیے از خود لاپتا ہوگیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے شہری کی ازخود گمشدگی اور اعتراف سے متعلق ویڈیو بھی عدالت میں پیش کردی۔

جسٹس ظفراحمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ ویڈیو میں لاپتا شہری بول رہا ہے میرے بھائی نے تھانے میں گمشدگی کی جھوٹی درخواست دی۔ ایسی حرکت پر اس شہری کے بھائی کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہمیں علم نہیں تھا اسے لاپتا کیا گیا ہے یا ازخود غائب ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اب تو علم ہوگیا وہ اپنی مرضی سے غائب ہوا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پولیس چاہئے گمشدہ شہری کو عدالت میں پیش کرے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا اور پولیس یہ کام تھوڑی ہے جو اپنی مرضی سے غائب ہوا اسے تلاش کیا جائے۔عدالت نے پولیس رپورٹ پر شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔